حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے جمعہ کے روز باضابطہ طور پر جماعت کے
شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو ملک کے صدر کے عہدے کے لیے نامزد کردیا
ہے۔ یہ فیصلہ پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کیا گیا جس
میں مخدوم امین فہیم نے بھی شرکت کی۔ شیری رحمٰن نے اجلاس کے بعد صحافیوں
سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ امین فہیم سمیت پارٹی نے متفقہ طور پر ملک کے
نئے صدر کے لیے نامزد کیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا آئندہ چوبیس گھنٹوں میں
آصف علی زرداری اپنی نامزدگی کے بارے میں اعلان کریں گے کہ آیا وہ اس
نامزدگی کو قبول کرتے ہیں یا نہیں۔ اس سے قبل جمعہ کو سندھ اسمبلی نے
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی صدارتی منصب کے
لیے مکمل حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ صدارت سندھ کا حق ہے اور آصف علی
زرداری اس کے لیے مورزوں ترین امیدوار ہیں۔ متحدہ کے سینئر رہنما اور رکن
اسمبلی شعیب بخاری نے بتایا کہ صدارتی انتخاب کے لیے متحدہ قومی موومنٹ کے
اراکین آصف علی زرداری کے تجویز اور تائید کنندگان ہوں گے۔
--
Posted By PeaceNic to Urdu News Room by IUNN.org INTERNATIONAL Urdu
News Network at 8/31/2008 11:03:00 PM